واشنگٹن : امریکہ نے یمن کے حوثی باغیوں کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا ہے۔ امریکی سیکرٹری اسٹیٹ مارکو روبیو نے اس بات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وعدے کو پورا کرنے کے حوالے سے اٹھایا گیا ہے، جس میں انصاراللہ (حوثیوں) کو دہشت گرد قرار دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔
وائٹ ہاؤس سے جاری صدارتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ حوثیوں کی سرگرمیاں مشرق وسطیٰ میں امریکی شہریوں اور اہلکاروں کے لیے خطرہ بن چکی ہیں اور یہ خطے میں امریکہ کے قریبی شراکت داروں اور بین الاقوامی بحری تجارت کے استحکام کے لیے بھی بڑا خطرہ ہیں۔
سیکرٹری اسٹیٹ مارکو روبیو نے کہا کہ حوثیوں نے 2023 میں خلیج عدن اور بحیرہ احمر میں کئی تجارتی جہازوں پر حملے کیے ہیں اور امریکی اہلکاروں کے ساتھ ساتھ خطے میں شراکت داروں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ مارکو روبیو نے اس بات پر زور دیا کہ حوثیوں کو دہشت گرد قرار دینا دہشت گردی کے خلاف جنگ کا اہم حصہ ہے اور اس سے دہشت گردی کی سرگرمیوں کو محدود کرنے میں مدد ملے گی۔