صدر مملکت اور وزیراعظم کی بنوں کینٹ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت

10:21 AM, 5 Mar, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بنوں کینٹ پر افطار کے دوران دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

 صدر مملکت آصف علی زرداری نے دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں افطار کے دوران ایسا حملہ ایک گھناؤنا عمل ہے، اور پوری قوم ایسی مذموم کاروائیوں کو مسترد کرتی ہے۔ آصف علی زرداری نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور شہداء کے لیے بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

دوسری جانب، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بنوں کینٹ پر خوارج کے حملے کو ناکام بنانے اور دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں نے فتنہ الخوارج کا حملہ ناکام بنایا اور معصوم شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے زخمی افراد کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور انہیں بہترین طبی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی اور فتنہ الخوارج کی مکمل سرکوبی تک پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

مزیدخبریں