9 مئی واقعات کے ذمہ داران کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا: کور کمانڈرز کانفرنس

9 مئی واقعات کے ذمہ داران کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا: کور کمانڈرز کانفرنس
سورس: file

راولپنڈی : کور کمانڈرز کانفرنس نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے عزم کے مطابق 9 مئی کے منصوبہ سازوں اور سہولتکاروں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔آئی ایس پی آر  کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت کورکمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں فورم نے شہدا کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ فورم نے مسلح افواج کے افسران اور جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ جوانوں، قانون نافذکرنے والے اداروں، شہریوں نے ملک میں امن و استحکام یقینی بنانےکےلیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھاکہ  دہشتگردی اور عسکریت پسندی کے خلاف کوششوں کے ثمرات کو مستحکم کرتے رہیں۔کور کمانڈرز کانفرنس کی عام انتخابات میں مدد فراہم کرنے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعریف کی اورفورم نے بعض مذموم عناصرکی جانب سے مایوسی،تفرقہ ڈالنے کیلئے پھیلائی جانے والی غلط اور جعلی خبروں پر تشویش کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ مسلح افواج کا انتخابی عمل سے کوئی تعلق نہیں تھا، مشکلات کے باجود مسلح افواج نے الیکشن کے دوران الیکشن کمیشن کی ہدایت کی روشنی میں محفوظ ماحول فراہم کیا، دیے گئے مینڈیٹ کے مطابق مسلح افواج نے ذمہ داری کے ساتھ انتخابات میں سکیورٹی ماحول فراہم کیا۔کور کمانڈرز کانفرنس کا فیک نیوز اور مس انفارمیشن پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ چند عناصر غلط خبریں پھیلا کر عوام میں مایوسی پھِلانا چاہتے ہیں، ایسے عناصر سوسائٹی میں تقسیم پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
فورم نے مایوسی کا اظہار کیا کہ میڈیا بالخصوص سوشل میڈیا کے کچھ مفاد پرست عناصر نے مسلح افواج کو بغیرکسی ثبوت کےبدنام کیا۔فورم نے کہا کہ دشمن قوتوں کےاشارے پرکام کرنیوالے دہشتگردوں، سہولتکاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنےوالوں سےریاست کی پوری طاقت سے نمٹا جائے گا، پاکستان کے غیور عوام متحد رہیں اور مثبت رویہ اپنائیں، پاکستان کے عوام پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں اور پاک فوج ملک میں استحکام، خوشحالی اور سکیورٹی کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتی رہے گی۔
کور کمانڈرز کانفرنس نے اعادہ کیا کہ وزیر اعظم پاکستان کے عزم کے مطابق 9 مئی کے منصوبہ سازوں، اشتعال دلانے والوں، حوصلہ افزائی کرنے والوں اور شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والوں اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو یقینی طور پر قانون اور آئین کی متعلقہ دفعات کے تحت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
فورم نے مرکز اور صوبوں میں اقتدار کی ہموار جمہوری منتقلی کو اطمینان کے ساتھ نوٹ کیا اور کہا کہ پاکستان کوغیرمستحکم کرنے کےلیے دشمن قوتوں کے اشارے پرکام کرنے والے دہشتگردوں اور سہولتکاروں سے پوری طاقت سے نمٹا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نےامیدظاہرکی کہ انتخابات کے بعدکا ماحول مطلوبہ سیاسی اور معاشی استحکام لائے گا، اس کے نتیجے میں پاکستان میں امن اور خوشحالی آئے گی، فورم پختہ یقین رکھتا ہے کہ جمہوری استحکام ہی ملک کی ترقی کا راستہ ہے اور عسکری قیادت چیلنجز اور خطرات سے پوری طرح باخبر ہے۔
فورم نے بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں پر جاری جبر پر تشویش کا اظہار کیا ۔کور کمانڈرز کانفرنس نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی اور غزہ میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی بھی مذمت کی۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام کو پاکستانی قوم کی مکمل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت حاصل ہے اور ہم مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل کیلئے اپنے بھائیوں کے اصولی مؤقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔

مصنف کے بارے میں