اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہین عدالت کیس فیصلے کے خلاف ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن و دیگر کی اپیلیں سننے والا بنچ ٹوٹ گیا ۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن، سینئر سپرٹینڈنٹ پولیس آپریشنز اور اسٹیشن ہاؤس افسر مارگلہ کی توہین عدالت کیس میں سزا کے فیصلے کے خلاف دائر انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمور جہانگیری نے کی، دوران سماعت 2 رکنی بینچ میں سے ایک جج نے کیس کی سماعت سننے سے معذرت کرلی۔
چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمور جہانگیری نے سماعت کی اور حکم دیا کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیس میں اپیل کی سماعت کے لیے نیا بینچ تشکیل دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ 1 مارچ کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیر شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی غیر قانونی گرفتاریوں کے کیس میں توہین عدالت پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز کو 6 ماہ، ایس ایس پی آپریشنز کو 4 ماہ اور ایس ایچ او کو 2 ماہ قید کی سزا سنائی تھی۔