الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے اس کا احترام کریں: سپریم کورٹ، دھاندلی کے خلاف درخواست مسترد

الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے اس کا احترام کریں: سپریم کورٹ، دھاندلی کے خلاف درخواست مسترد

اسلام آباد  : سپریم کورٹ میں بلوچستان اسمبلی کے حلقے 7 زیارت سےخلیل الرحمان کی 11 پولنگ اسٹیشنز پر دوبار پولنگ کے فیصلے کیخلاف درخواست پر سماعت  ہوئی۔عدالت نے الیکشن کمیشن فیصلے کیخلاف اپیل مسترد کردی ۔11 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ کے بعد مسلم لیگ ن کے نور محمد 2888 ووٹوں سے کامیاب ہوئے ۔ 

الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اپیل کی چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سماعت کی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جب تک الیکشن کمیشن کا کوئی غیر قانونی یا غیر آئینی عمل نہیں بتائیں گے مداخلت نہیں کریں گے۔ 11 پولنگ اسٹیشنز پر فائرنگ ہوئی ایک شخص قتل ہوا۔ 


چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے میں آئین کی کہاں خلاف ورزی ہوئی؟ وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ  الیکشن کمیشن نے انکوائری نہیں کی۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے کہ  اگر نتائج سے کوئی مسئلہ ہے تو متعلقہ فورم پر جائیں۔


وکیل درخواست گزار نے کہا کہ پہلے انتخابات میں خلیل الرحمن جیتے تھے۔ جسٹس محمد علی مظہر نے پوچھا کہ  کیا الیکشن میں کوئی دھاندلی ہوئی ہے؟ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ  جی الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے۔ 


جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ اگر دھاندلی ہوئی ہے تو متعلقہ فورم پر اپنا مقدمہ ثابت کریں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آئین بڑا واضح ہے۔الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے اسکا احترام کریں ۔آئین و قانون کی خلاف ورزی نہ ہو تو مداخلت نہیں کریں گے۔ 

مصنف کے بارے میں