اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نےپاکستان میں ایکس کی بندش کے خلاف شہری کی درخواست پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور وزارتِ اطلاعات سے جواب طلب کر لیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی۔
چیف جسٹس کے ایکس کی بندش سے متعلق استفسار پر وکیل نے بتایا کہ17 فروری سے حکومت نے ایکس پر پابندی عائد کردی ہے۔ چیف جسٹس بولے کہ اس پر تو سندھ ہائیکورٹ کا بھی فیصلہ آچکا ہے۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد نہ کرنے پر توہین عدالت کا کیس زیر سماعت ہے۔
عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کرتے ہوئے پی ٹی اے اور وزارت اطلاعات کو نوٹس جاری کردیے۔
خیال رہے کہ ملک میں 17 فروری سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر مکمل یا جزوی بندش جاری ہے، سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی بندش سے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے جس کے باعث بیشتر صارفین وی پی این کے ذریعے سوشل میڈیا ایپ استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔