بلوچستان میں بارشوں کے نئے سپیل کی پیش گوئی، گوادر سمیت 16 اضلاع متاثر ہوں گے

09:18 AM, 5 Mar, 2024

نیوویب ڈیسک

کوئٹہ : بلوچستان میں بارشوں کے نئے اسپیل کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس سے گوادر سمیت بلوچستان کے 16 اضلاع متاثر ہونے کا امکان ہے، اس حوالے سے حکام نے الرٹ جاری کردیا۔

ڈائریکٹر جنرل صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) جہانزیب خان نے گوادر کے 85 فیصد سے زیادہ حصے سے پانی نکالنے کا دعویٰ کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ امدادی سرگرمیوں میں مقامی انتظامیہ، پاک فوج اور دیگر اداروں نے بھرپور کردار ادا کیا۔ حکومتِ سندھ کی جانب سے دی گئی پمپنگ مشینوں سے بھی بہت مدد ملی۔

واضح رہے کہ نجی ویدر اسٹیشن نے پیشگوئی کی تھی کہ کراچی اور بلوچستان کے مختلف حصوں میں بارش برسانے والے دو نئے سسٹم 5 سے 10 مارچ تک ملک میں داخل ہوں گے۔

پیشگوئی کے مطابق 5 سے 6 مارچ تک بارش کا پہلا نظام پاکستان میں داخل ہوگا جو بلوچستان کے مختلف علاقوں کو لپیٹ میں لے سکتا ہے۔

اسی طرح 9 سے 10 مارچ تک بارشوں کا ایک اور نظام جنوبی حصوں میں بارش برسائے گا۔

اس نظام کے تحت گوادر، جیوانی، پسنی، اورماڑہ، مکران کے علاقوں میں تیز بارش ہوگی جبکہ کراچی اور ملحقہ علاقوں میں 9 سے 12 مارچ کے درمیان بارش کا امکان ہے۔
 

مزیدخبریں