میلان : پاکستانی باکسر زوہیب رشید پیرس اولمپکس کیلئے تو کوالیفائی نہیں کرسکے لیکن ساتھی خاتون کھلاڑی کی رقم چوری کرکے میڈیا میں نمایاں مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
اٹلی کے شہر میلان میں اولمپک باکسنگ کے مینز اور ویمنز مقابلوں میں شرکت کیلئے تین مرد اور دو خواتین پر مشتمل پاکستانی باکسروں کی ٹیم کوالیفائنگ راؤنڈ میں شرکت کیلئے جمعہ کو پہنچی تھی اور ہفتے سے کوالیفائنگ راؤنڈ کاآغاز ہوا۔
اتوار کو 51 کلو گرام میں زوہیب رشید باکسنگ رنگ میں نہ آئے جس پرمخالف باکسرکوواک اووردیکر کامیاب قرار دیدیا گیا۔ زوہیب کے رنگ میں نہ آنے کی وجوہات دریافت کی گئیں تو پتہ چلا کہ وہ ساتھی کھلاڑی کی رقم چرا کر ہوٹل سے ہی فرار ہوچکے ہیں ۔
پاکستان باکسنگ فیڈریشن کا غیرملکی کرنسی کی چوری کی تصدیق کرتے ہوئے کہنا تھا کہ خاتون باکسر ٹریننگ کیلئے باہر گئیں تو زوہیب رشید نے ہوٹل کے استقبالیے سے کمرے کی چابی لی اور بیگ سے تقریبا 250 پاؤنڈ (تقریباً 88 ہزار پاکستانی روپے) لیکر فرار ہو گئے ۔