کابل : طالبان حکومت کے وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے پہلی مرتبہ منظر عام پر آتے ہیں اہم اعلان کردیا ہے ان کا کہنا ہے کہ سب افغان شہریوں کے لیے عام معافی ہے جو بیرون ملک چلے گئے ہیں واپس آجائیں ۔
سراج حقانی کابل میں نیشنل پولیس اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں میڈیا اور عوام کے سامنے آئے۔ طالبان حکومت کی وزارت اطلاعات نے تصدیق کی کہ سراج حقانی پہلی مرتبہ عوام اور میڈیا پر آئے ہیں ۔ نائب افغان وزیر اعظم ملا عبدالغنی برادر کے پرنسپل سیکریٹری عبداللہ عظام نے سراج حقانی کی تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کیں۔
افغان وزیر داخلہ سراج حقانی نے پہلی بار منظرِ عام پر آکر تقریب سے خطاب میں افغانستان چھوڑنے والوں کو کہا کہ وہ وطن واپس آجائیں۔ ہماری جدوجہد اور واحد آرزو اسلامی نظام کا قیام رہی۔
انہوں نے کہا کہ جو شہری افغانستان سے باہر جاچکے ہیں وہ اپنے ملک واپس آجائیں، عام معافی کے اعلان کے تحت تمام شہریوں کے جان ومال کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
سراج حقانی نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ کابل اور دیگر شہروں میں کلیئرنس آپریشن کے دوران پولیس اہلکار شہریوں سے نرم رویہ رکھیں اور اگر آپریشن کلین اپ کے دوران کسی شہری سے کوئی بھی مسئلہ ہو تو علماء سے مشاورت کریں۔
خیال رہے کہ افغانستان کے سرکاری ٹیلی ویژن نے پولیس اکیڈمی کی تقریب میں سراج الدین حقانی کو پہلی مرتبہ لائیو دکھایا۔ اس سے پہلے سراج حقانی کی صرف ایک مبہم تصویر میڈیا پر تھی، سراج حقانی آج سے پہلے ہمیشہ کوشش کی کہ ان کی تصویر یا ویڈیو میڈیا پر نہ آئے۔