کراچی : یوکرائن میں پھنسے پاکستانی طلبہ کی وطن واپسی شروع ہوگئی ہے۔ یوکرائن سے استنبول کے ذریعے پہلا پاکستانی طالب علم کراچی پہنچ گیا۔
نیو نیوز کے مطابق یوکرائن سے وطن واپس آنے والے پہلے طالب علم جنید حسین نے وہاں کے حالات کے حوالے سے اہم انکشافات کیے ہیں۔ جنید حسین کراچی کے علاقے گارڈن کا رہائشی ہے اور 4 ماہ قبل میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے یوکرائن گیا تھا۔
جنید حسین نے یوکرین کے حالات کے حوالے سے اہم انکشافات کیے اور بتایا کہ بہت سے طالبعلم یوکرائن میں بے یارومددگار پڑے ہیں اور پاکستانی سفارتخانے کا کردار یوکرائن میں صفر ہے۔
جنید کے مطابق سفارتخانے نے کہا کہ صرف 3 دن کی رہائش ہم دیں گے اس کے بعد ہماری طرف سے کچھ نہیں ہمیں سمجھ نہیں آتی تھی کہ دن کیسے گزرے گا اور کیسے رات بسر ہوگی۔
جنید حسین کا کہنا تھا کہ میں اللہ تعالی کا لاکھ شکر ادا کرتا ہوں کہ ایسے حالات سے نکال کر مجھے واپس وطن پہنچایا۔ سینیٹر خدا بخش بابر کی مہربانی سے میں واپس وطن پہنچا ہوں۔