اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے علی حیدر گیلانی کی ویڈیو اسکینڈل کے معاملے پر تحریک انصاف کی درخواست کو سماعت کیلئے مقرر کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن گیارہ مارچ کو علی حیدر گیلانی کی ویڈیو کے معاملہ کی سماعت کرے گا۔ یہ درخواست پی ٹی آئی کی رہنما کنول شوزب اور فرخ حبیب کی جانب سے الیکشن کمیشن میں دائر کی گئی تھی۔
دوسری جانب علی حیدر گیلانی کی ویڈیو سکینڈؒل کے معاملے پر پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی عمل کے دوران الیکشن ایکٹ کے آرٹیکل 156، 167 اور 168 کی خلاف ورزی ہوئی۔
فیصل جاوید کا سمجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں کہنا تھا کہ انتخابی عمل میں غیر قانونی اور کرپٹ پریکٹسز کی سختی سے ممانعت کی گئی۔ امیدوار کو رشوت اور لالچ دیا جانا کرپٹ پریکٹس کے زمرے میں آتا ہے۔
انہوں نے لکھا ہے کہ مریم نواز اور علی حیدر گیلانی الیکشن ایکٹ 2017ء کی سنگین خلاف ورزی کی مرتکب ہوئے۔ مریم نواز کا ٹکٹ کا لالچ دینے کا بیان ان کے خلاف کارروائی کیلئے سب سے بڑا ثبوت ہے۔
سینیٹ الیکشن کے بعد وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے الیکشن کمیشن پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جمہوریت کو نقصان پہنچایا اور کیا وجہ تھی کہ الیکشن کمیشن 1500 بیلیٹ پیپرز بھی نہیں بنا سکا اور الیکشن کمیشن نے لیک ہونے والی ویڈیوز کی تحقیقات کیوں نہیں کیں تاہم الیکشن کمیشن نے ووٹ بیچنے والوں کو بچا لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں آپ نے اوپن بیلٹ کی مخالفت کیوں کی، کیا آئین چوری کی اجازت دیتا ہے سچر پھر آپ نے قابل شناخت بیلٹ پیپزر کی مخالفت کی اگر ایسا ہو جاتا تو آج جو ہمارے 15، 16 لوگ بکے ہیں ہم ان کا پتا لگا لیتے۔ یہ پیسے دے کر اوپر آنا کیا جمہوریت ہے۔
عمران خان نے کہا کہ آپ کو اندازہ نہیں کہ اس الیکشن میں کتنا پیسا چلا ہے کیونکہ میں نے الیکشن سے پہلے کہا تھا کہ ریٹ لگ گئے ہیں۔ کیا آپ کو نہیں پتہ یہ تحقیقات کرنے کی ذمہ داری آپ کی تھی اور جو کروڑوں روپے خرچ کر کے سینیٹر بنے گا وہ ریکور کیسے کرے گا؟۔ جو کروڑوں روپے خرچ کر کے سینیٹر بنے گا وہ کیا حاتم طائی ہے۔ اپوزیشن نے کوئی معرکہ نہیں مارا ہماری سیٹیں زیادہ ہیں لیکن میں ان کے ہاتھوں سے بلیک میل نہیں ہوں گا۔
خیال رہے کہ سینیٹ انتخابات سے قبل پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے اسلام آباد سے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتانے کی ویڈیو منظرعام پر آئی تھی۔ ویڈیو میں علی حیدر گیلانی مبینہ طور پر ایک رکن کو ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتا رہے تھے جبکہ یہ واضح بھی نہیں ہو سکا تھا کہ ویڈیو میں موجود افراد کون ہیں۔