اسلام آباد: پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان دفاع تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے سفیر عاصم افتخار احمد نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جبکہ مستقل سیکرٹری جنرل ناٹ انٹراچارون نے تھائی لینڈ کی نمائندگی کی۔
ان کا کہنا تھا کہ مفاہمتی یادداشت کے تحت دو طرفہ دفاع، سلامتی امور میں تعاون بڑھایا جائے گا۔ دو طرفہ معلومات کا تبادلہ، تربیتی امور میں تعاون، مشترکہ مشقیں کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ دفاعی ٹیکنالوجی میں تحقیق اور ترقی میں بھی پاک، تھائی تعاون بڑھایا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستانی سفیر نے تھائی لینڈ کے مستقل سیکرٹری جنرل سے ملاقات بھی کی۔ اس ملاقات میں باہمی دلچسپی، وسیع البنیاد دفاعی روابط کے فروغ پر گفتگو کی گئی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان، تھائی لینڈ کے ساتھ دو طرفہ سلامتی اور دفاع کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ یہ مفاہمت، دو طرفہ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کے مزید استحکام میں معاون ثابت ہو گی۔