پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی نے ہمارے امیدوار کو ووٹ نہیں دئیے، وزیراعظم معاملے کی تحقیقات کریں: فہمیدہ مرزا

پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی نے ہمارے امیدوار کو ووٹ نہیں دئیے، وزیراعظم معاملے کی تحقیقات کریں: فہمیدہ مرزا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں اپنے تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فہمیدہ مرزا نے کہا کہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی جانب سے اجلاس میں تحفظات کا اظہارکیا گیا۔وعدے کے مطابق تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی نے ہمارے امیدوار کو ووٹ نہیں دیئے، ہم چاہتے ہیں کہ وزیراعظم اس معاملے کی تحقیقات کریں۔ فہمیدہ مرزا نے کہا کہ تحفظات کے باوجود وزیراعظم پر اعتماد ہے اور ہم ان کیساتھ ساتھ کھڑے ہیں، جن لوگوں نے سندھ میں ووٹ بیچے، ان کے خلاف کارروائی کریں گے۔

واضح رہے کہ سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد کی نشست پر حکومتی امیدوار حفیظ شیخ کی شکست اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کی شکست نے ملکی سیاست میں کھلبلی مچا رکھی ہے اور ان انتخابات کے بعد وزیراعظم عمران خان نے ایوان سے اعتماد کا ووٹ لینے کا اعلان بھی کیا ہے اور اس مقصد کیلئے ہفتے کو قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ 

دوسری جانب پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے مشترکہ طور پر ہفتے کے روز شیڈول قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا باقاعد اعلان جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ اور پی ڈی ایم رہنماء مولانا فضل الرحمان نے ایک پریس کانفرنس کے ذریعے کیا۔