پارلیمانی پارٹی اجلاس، اتحادیوں کی وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ دینے کی یقین دہانی

05:34 PM, 5 Mar, 2021

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں اعتماد کی تحریک کامیاب بنانے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں اتحادی جماعتوں کے ارکان بھی شریک ہوئے۔ اتحادیوں نے وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ دینے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم نے اتحادیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ وہ اتحادیوں کے تحفظات دور کریں گے۔ 

وزیراعظم نے ایم کیو ایم کے وفد سے بھی ملاقات کی اور ایم کیو ایم نے انہیں حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ ایم کیو ایم رہنماؤں کا کہنا تھا کہ موجودہ گورننس نظام پر تحفظات کے باوجود وزیراعظم کےساتھ ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ اداروں میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کل یعنی ہفتے کو قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کریں گے۔سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد کی جنرل نشست پر حکومت کی شکست کے بعد وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لئے صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 91 کی شق 7 کے تحت قومی اسمبلی اجلاس کل طلب کیا ہے۔

مزیدخبریں