لاہور: قومی کرکٹر اور پی ایس ایل میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم بیٹی کے باپ بن گئے ہیں۔ انہوں نے اس رحمت پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا ہے۔ عماد وسیم نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں اپنے مداحوں کو یہ خوشخبری سنائی ہے۔
اپنی ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ الحمدللہ، اللہ پاک نے اپنی رحمت سے ہمیں خوشیوں سے نوازا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس دنیا میں آنکھ کھولنے والی اس ننھی پری کا نام سیدہ عنایہ عماد رکھا گیا ہے۔
خیال رہے کہ عماد وسیم 2019ء میں ثانیہ اشفاق سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔ ان کی اہلیہ برطانوی شہریت کی حامل ہیں۔عماد وسیم اور ثانیہ اشفاق کا نکاح شاہ فیصل مسجد میں ہوا تھا جس میں صرف قریبی رشتہ داروں، عزیز واقارب اور دوستوں نے شرکت کی تھی۔