کراچی :شہر قائد کے علاقے گولیمار میں ایک تین منزلہ عمارت اچانک گرگئی جس کے نتیجے میں اب تک خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
واقعہ گولیمار نمبر دو میں رضویہ تھانے کے قریب پیش آیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔واقعے میں زخمی ہونے والوں کو ملبے سے نکال کر عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 56 سالہ مصطفیٰ سے ہوئی ہے جبکہ خاتون کا نام ڈاکٹر فاطمہ جمال تھا جن کی کلینک عمارت کی نچلی منزل پر واقع تھی۔
زخمیوں میں 42 سالہ خرم، 18 سالہ دانیال، 70 سالہ حمیدہ خاتون اور 8 سالہ حماد، 35 سالہ عارفہ اور 28 سالہ اویس شامل ہیں۔
حادثے کے بعد آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر نے ایس ایس پی سینٹرل کو ریسکیو اقدامات اٹھانے کے احکامات جاری کردیئے۔مشتاق احمد مہر نے کہا کہ ایس ایس پی سنیٹرل ریسکیو اقدامات کو ہر لحاظ سے مربوط اور مؤثر بنائیں۔
رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہے۔