ترکی میں امریکی سفارتخانے کو سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر بند کر دیا گیا

10:42 PM, 5 Mar, 2018

انقرہ: ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں امریکی سفارتخانے کو سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر عارضی طور پر عوام کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

انقرہ میں امریکی سفارتخانے سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر سفارتخانے کو عارضی طور پر عوام کے لیے بند کیا گیا ہے اور پیر 5 مارچ کو پبلک سروسز بند رہیں گی البتہ ہنگامی سروسز جاری رہیں گی۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ سفارتخانے کی بندش کے دوران ویزا انٹرویوز اور دیگر سرگرمیاں بھی معطل رہیں گی، تاہم سفارتخانے کے دوبارہ کھلنے اور سفارتی سرگرمیوں کی بحالی کے حوالے سے اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

سفارتخانے نے ترکی میں موجود امریکی شہریوں کو ہدایات کی ہیں کہ وہ سفارت خانے کی عمارت اور پر ہجوم مقامات میں جانے سے گریز کریں اور سفر میں احتیاط سے کام لیں۔ دوسری جانب انقرہ کے گورنر ہاوس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی حساس اداروں نے دہشت گردوں کی جانب سے امریکی سفارتخانے اور امریکی شہریوں کی رہائش گاہوں کو نشانے بنانے کا امکان ظاہر کیا ہے جس کے بعد حفاظتی اقدامات اٹھائے گئے۔

خیال رہے کہ ترک پولیس نے دارالحکومت انقرہ سے بین الاقوامی دہشت گرد تنظیم داعش کے 12 دہشت گردوں کو بھی گرفتار کیا ہے جس کے بعد امریکی سفارتخانے کو بند رکھنے کا بیان سامنے آیا ہے۔

مزیدخبریں