ملتان: سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ہارس ٹریڈنگ پر یقین نہیں رکھتی، ہارس ٹریڈنگ ہوتی تو ہم پنجاب سے بھی سیٹ لے جاتے۔ امید ہے کہ چیئرمین سینیٹ پیپلز پارٹی سے ہوگا۔
ملتان میں سرائیکی اجرک ڈے کے موقع پر ملتان آرٹس کونسل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں اور افراد کو نیب کا احترام کرنا چاہے۔ نیب کے فیصلوں پر تنقید مناسب نہیں ہے۔ فوج اور عدلیہ کیخلاف بات کرنے والے منتخب نمائندوں کو نااہل کرنا چاہیے۔ نیب میرٹ کی بنیاد پر کام کر رہا ہے، نیب کے کام اور فیصلوں پر کسی کو تبصرہ نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین منتخب نمائندوں کو عدلیہ کیخلاف باتوں کی اجازت نہیں دیتا، فوج اور عدلیہ کے بارے میں کوئی بات نہیں کر سکتے، اگر منتخب نمائندے ایسا کرتے ہیں تو انہیں ڈس کوالیفائی کرنا چاہیے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں خرید و فروخت کا الزام بے بنیاد ہے، نمبر پورے نہ ہونے کے باوجود عمران خان پنجاب سے سیٹ نکال گئے۔ اگر ہارس ٹریڈنگ ہوتی تو پیپلزپارٹی پنجاب سے بھی سیٹ لے جاتی۔ پیپلز پارٹی اور بھٹو خاندان کی جمہوریت کیلئے گراں قدر خدمات ہیں، کوشش ہوگی کہ اتحادیوں سے مل کر اپنا چیئرمین سینٹ لائیں۔ عام انتخابات وقت پر ہوں گے، عوام الیکشن میں انہیں ووٹ دیں جو الگ صوبے کی بات کریں۔ بلاول بھٹو زرداری ملتان سمیت جنوبی پنجاب کا دورہ کریں گے۔