تحریک انصاف کا بکنے والے ارکان اسمبلی کو آئندہ پارٹی ٹکٹ نہ دینے کا فیصلہ

01:38 PM, 5 Mar, 2018

لاہور: تحریک انصاف نے کے پی کے میں سینیٹ الیکشن میں بکنے والے ارکان اسمبلی کو آئندہ پارٹی ٹکٹ نہ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تحریک انصاف کے ترجمان  فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نوٹ کے بدلے ضمیر بیچنے والے نہیں چاہیئں جبکہ تحقیقاتی رپورٹ سامنے آتے ہی عملی اقدامات کریں گے۔

اس سے قبل کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک اںصاف چیئرمین عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں جمہوریت کی نفی ہوئی ہے اور پیسہ چلا ہے اور افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ خیبرپختونخوا کے لوگوں پر بھی پیسہ چلا اور کئی لوگوں نے اپنے آپ کو بیچا۔ رشوت دی بھی گئی اور لی بھی گئی جبکہ پتا ہے رشوت کس نے دی لیکن بدقسمتی سے رشوت لینے کا ثبوت نہیں۔

مزید پڑھیں:  فاٹا سے ایک نومنتخب آزاد سینیٹر (ن) لیگ میں شامل

انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے ٹیم بٹھا رہے ہیں اور تفتیش کر رہے ہیں کہ کون سے لوگ بکے ہیں اور ایک ایم پی اے کا ضمیر خریدنے کا ریٹ چار کروڑ لگا۔ کیا یہ پتا کرانا میری ذمہ داری ہے یا پھر ادارے ختم ہو گئے۔ یہ نیب، ایف آئی اے اور الیکشن کمیشن کی ذمہ داری نہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ آج سیاست دانوں پر ساری قوم لعنت بھیج رہی ہے سب کو پتا ہے پیسہ چلا اور چیف جسٹس کو دیکھنا چاہیے کہ کیا جمہوریت میں لوگ ایسے بکتے ہیں۔ ساری قوم کے سامنے خریدو فروخت ہوئی اب سیاستدانوں کی کیا عزت رہ گئی۔

یاد رہے گزشتہ ہفتے ہونے والے سینیٹ الیکشن میں  مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ 15، پاکستان پیپلز پارٹی کے 12، تحریک انصاف کے 6، جے یو آئی (ف) اور نیشنل پارٹی کے دو دو جبکہ مسلم لیگ فنکشنل اور ایم کیو ایم کا ایک، ایک امیدوار کامیاب ہوا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں