لاہور: قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2017 کے فائنل کی اختتامی تقریب کا باقاعدہ آغاز لیگ کے ترانے سے کردیا گیا۔پاکستان کے مشہور گلوکار علی ظفر نے پی ایس ایل کے ترانے 'اب کھیلے جمے گا' گا کر تقریب کا آغاز کردیا جبکہ اس دوران اسٹیڈیم تماشائیوں سے کھچاکھچ بھرا ہوا ہے۔
پی ایس ایل کی اختتامی تقریب کی میزبانی اداکاراحمد علی بٹ اور اداکارہ عائشہ عمر کررہی ہیں۔ علی ظفر کے بعد گلوکار فاخر نے ترانے گا کر پرجوش تماشائیوں کو مزید گرما دیا۔پی ایس ایل فائنل کھیلنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاورزلمی کے کھلاڑی بھی قذافی اسٹیڈیم میں پہنچ چکے ہیں جن میں غیرملکی کھلاڑی بھی شامل ہیں، دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو سخت سیکیورٹی کے حصار میں اسٹیڈیم میں لایا گیا۔
پاکستان کے معروف گلوکار علی عظمت بھی اپنے فن کا مظاہرہ کرر ہے ہیں اور مشہور زمانہ ہے جذبہ جنون اور یارو یہ دوستی گا کر تماشائیوں کے جوش کو گرما دیا۔پی ایس ایل کی اختتامی تقریب کے باقاعدہ آغاز سے قبل پاک فوج کے جوانوں نے پیراشوٹ کے ذریعے مختلف کرتب بھی دکھائے۔
پی سی بی نے لیگ کے فائنل کے پیش نظر قذافی اسٹیڈیم کو تزین و آرائش سے خوبصورت بنا دیا ہے۔