آج نئے جوش و ولولے کے ساتھ میدان میں پرفارم کروں گا

گلوکار علی ظفر آج اختتامی تقریب میں شائقین کرکٹ کا لہو گرمائیں گے

05:23 PM, 5 Mar, 2017

لاہور: پاکستان سپر لیگ کا ٹائٹل سونگ سیٹی بجے گی گانے والے گلوکار علی ظفر آج اختتامی تقریب میں  شائقین کرکٹ کا لہو گرمائیں گے۔

 پاکستان سپر لیگ کا آخری معرکہ دیکھنے کے لئے عوام کی بڑی تعداد اسٹیڈیم کی جانب رواں دواں ہے اور بہت سے افراد گراؤنڈ بھی پہنچ چکے ہیں، عوام میں  بھرپورجوش وخروش نظر آرہا ہے شائقین نے اپنی اپنی پسندیدہ ٹیموں کی شرٹس زیب تن کررکھی ہیں جب کہ پی ایس ایل انتظامیہ، پی سی بی اورحکومت پنجاب کی جانب سے  بہترین انتظامات کئے گئے ہیں اور کرکٹ شائقین کو محظوظ کرنے کے لئے ڈی جے ولی سنز کی خدمات حاصل کررکھی ہیں جب کہ اختتامی تقریب میں پاکستان کے نامورگلوکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

پاکستان سپرلیگ کی اختتامی تقریب شام 6 بجے اور رات 9 بجے ہوگی جس میں پی ایس ایل کا ٹائٹل سونگ گانے والے علی ظفر بھی پرفارم کریں گے۔ علی ظفر کا کہنا ہے کہ رنگا رنگ اختتامی تقریب میں شرکت کے لئے بیتاب ہوں اور فائنل پاکستان خصوصاً ہمارے شہر لاہور میں ہونے کی بے حد خوشی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے یقین نہیں تھا کہ میری سیٹی میرے شہر کے میدان میں بجے گی لیکن پی ایس ایل فائنل کے لاہور میں ہونے کے فیصلے کے بعد میں اپنے گانے کے ذریعے شائقین کرکٹ کو محظوظ کرنے کے لئے تیار اور بے تاب ہوں، آج نئے جوش و ولولے کے ساتھ میدان میں پرفارم کروں گا۔

مزیدخبریں