اسلام آباد:وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے شینزن میں ہواوے کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔
ہواوے کے چیئرمین جناب لیانگ ہوا (Liang Hua) نے وزیرِ اعظم کا پرتپاک استقبال کیا.ہواوے ہیڈکوارٹر پہنچنے پر پاکستانی ملی نغمے بجائے گئے.چیئرمین ہواوے نے وزیرِ اعظم کو ہواوے کے دنیا بھر بالخصوص پاکستان میں آپریشنز کے بارے آگاہ کیا اور پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا.
وزیرِ اعظم نے ہواوے ہیڈکوارٹرز میں ایگزیبیشن سینٹر کا دورہ کیا. وزیرِ اعظم نے ہواوے کے آپریشنز کی جدت کی تعریف کی اور ہواوے کو پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کو وسعت دینے کی ترغیب دی۔ایگزیبیشن سینٹر میں وزیرِ اعظم کو مخلتف شعبوں بالخصوص ای گورننس، ڈیجیٹل بینکنگ، ٹیلی کمیونیکیشن، مصنوعی ذہانت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
وزیرِ اعظم نے ہواوے کے تعاون سے پاکستان میں بننے والے سیف سٹی منصوبوں کی تعریف کی.
بعد ازاں وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کی چیئرمین ہواوے کے ساتھ دوطرفہ ملاقات ہوئی.
ملاقات میں وزیرِ اعظم نے چیئرمین ہواوے کو حکومت کے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار کی سہولت کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا.وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت سرکاری دفاتر کو ترجیحی بنیادوں پر ڈیجٹائیز کرنے کیلئے اقدمات اٹھا رہی ہے. ٹیکس کا نظام، ای گورننس، مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں ہواوے جیسی بڑی کمپنی کیلئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں.
وزیرِ اعظم نے ہواوے کو پاکستان کے مختلف شہروں بالخصوص ایسے شہر جن میں سی پیک منصوبوں پر کام جاری ہے ان میں ترجیحی بنیادوں پر سیف سٹی منصوبے قائم کرنے کی دعوت دی. وزیرِ اعظم کی ہواوے کے چیئرمین کو پاکستان میں زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کی بھی دعوت دی اور جلد پاکستان کے دورے کی بھی دعوت دی.
بعد ازاں وزیرِ اعظم نے ہواوے اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے مابین فریم ورک معاہدے پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی.
فریم ورک ایگریمنٹ کے تحت ہواوے پاکستان کے 2 لاکھ نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے بشمول مصنوعی ذہانت کے شعبے میں مفت تربیت فراہم کرے گا. اس کے علاوہ ہواوے پاکستان میں سیف سٹیز کے قیام، ای گورننس اور معیشت کی ڈیجیٹائیزیشن میں بھی بھرپور تعاون فراہم کرے گا.
ہواوے کے چیئرمین نے وزیراعظم اور پاکستانی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا.