لاہور: ایف آئی اے نے پرویز الہیٰ کے بیٹے اور دو بہوؤں کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرا دی ۔ پنجاب اسمبلی کے چپڑاسی قیصر بھٹی نے کرپشن سے پیشہ کمایا ۔
ایف آئی اے کی رپورٹ کے مطابق چپڑاسی قیصر بھٹی نے کرپشن سے پیشہ کمایا جس کے تانے بانے راسخ الہٰی ، زارا اور تحریم الٰہی سے ملتے ہیں۔ چپڑاسی قیصر اقبال نے تحریم الہٰی ، زارا الہٰی اور راسخ الہٰی کے ساتھ ناقابل وضاحت بینکنگ ٹرانزیکشنز کیں۔ قیصر اقبال بھٹی کے اکاؤنٹس سے 325 ملین کی رقم چوہدری خاندان کو ٹرانسفر ہوئی۔
رپورٹ کےمطابق اینٹی کرپشن حکام نے تحریری طور پر آگاہ کیا کہ پنجاب اسمبلی کے چپڑاسی قیصر اقبال بھٹی کے اثاثہ جات انکی آمدن سے زائد ہیں ۔ چپڑاسی قیصر اقبال بھٹی نے گیارہ افراد اور تین کمپنیز کے ساتھ ایسی ٹرانزیکشنز کیں جس کی کوئی وضاحت موجود نہیں۔
ایف آئی اے کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ مونس الہٰی کی اہلیہ تحریم الٰہی کے ساتھ 27 ملین کی ناقابل وضاحت ٹرانزیکشن ہوئی جبکہ راسخ الہٰی اور انکی اہلیہ زارا الہٰی کے ساتھ 83 ملین اور 5 ملین کی ٹرانزیکشنز ہوئیں۔
رپورٹ میں لکھا گیا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق چپڑاسی قیصر بھٹی 175 ملین کی مشکوک ٹرانزیکشنز میں ملوث پایا گیا ۔ بینک ریکارڈ کے مطابق چپڑاسی قیصر بھٹی کے اکاؤنٹس کا ٹرن اوور 811 ملین پاکستانی اور 4000 یورو ہے۔ چپڑاسی قیصر بھٹی نے تین کمپنیز کے ساتھ مجموعی طور پر 129.8 ملین کی ٹرانزیکشنز کیں۔
اینٹی کرپشن کی رپورٹ کی روشنی میں راسخ الٰہی ، تحریم الہٰی اور زارا الہٰی کے خلاف منی لانڈرنگ دفعات کے مقدمہ درج ہوا ۔ قیصر اقبال بھٹی کے ساتھ ٹرانزیکشنز کی بنیاد پر راسخ الٰہی انکی اہلیہ اور مونس الہیٰ کی اہلیہ کو طلب کیا گیا ۔
پرویز الہی کے بیٹے راسخ الہٰٰی انکی اہلیہ زارا الہٰی اور مونس الہیٰ کی اہلیہ تحریم الہٰی نے ایف آئی اے منی لانڈرنگ مقدمے کے اخراج کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے جبکہ ایف آئی اے نےلاہور ہائی کورٹ میں تینوں کی درخواست خارج کرنے کی استدعا کر دی۔