اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے بی جے پی کے ترجمانوں کی جانب سے رسول اللہ ﷺ کی شان میں بدترین گستاخی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی کے دور حکومت میں بھارت میں مذہبی آزادی پامال ہورہی ہے جس پر دنیا کو فوری ایکشن لینا چاہیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی مرکزی ترجمان نپور شرما کی جانب سے آقائے دو جہاں رسول خدا (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) کی شان میں گستاخی پر شدید غم وغصے کا اظہار کیا اور کہا کہ ہمارے پیارے نبی اکرم ﷺ کی ذات پاک کے بارے میں بی جے پی رہنما کے بیان کی شدید مذمت کرتا ہوں جس سے ہم سب مسلمانوں کے دل زخمی ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بارہا کہہ چکا ہوں کی مودی کے اقتدار میں مذہبی آزادیوں کو کچلا اور مسلمانوں کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ دنیا نوٹس لیتے ہوئے ان اقدامات پر بھارت کی سرزنش کرے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ ہمارے پیارے نبی ﷺ کے لیے ہماری محبت ہر چیز پر مقدم ہے اور آقا کریم ﷺ کی محبت اور ان کی ناموس کے لئے ہر مسلمان اپنی جان قربان کرنے کو تیار ہے۔