مودی کی جماعت کی طرف سے گستاخی پر عرب ممالک میں غصہ،قطر ،ایران اور کویت میں بھارتی سفیر کی طلبی

09:33 PM, 5 Jun, 2022

نیوویب ڈیسک

نئی دہلی : بھارت میں برسرِ اقتدار ہندو انتہاپسند جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے  ترجمانوں کی جانب سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے متعلق توہین آمیز بیانات دینے پر بھارت سمیت دنیا بھر کے مسلمان برہمی کا اظہار کر رہے ہیں ۔عرب ممالک میں شدید غم وغصہ ہے جہاں بائیکاٹ انڈیا‘ کی مہم بھی چلائی جا رہی ہے جبکہ قطر , ایران اور کویت نے بھارتی سفیر کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا ہے۔ 

یہ سب چند روز قبل ایک ٹی وی مباحثے کے دوران بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما اور پھر انوین کمار جندال کے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر پیغمبر اسلام سے متعلق توہین آمیز الفاظ استعمال کرنے کے بعد شروع ہوا۔

نوپور شرما کے توہین آمیز بیان پر بھارت سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں میں زبردست غم و غصہ ہے۔ عمان کے مفتی اعظم شیخ احمد بن حد الخلیلی نے ٹوئٹر پر بی جے پی ترجمان کے بیان کی مذمت کی ہے۔

عمان کے مفتی اعظم شیخ احمد بن حمد الخلیلی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہندوستان میں حکمران انتہا پسند جماعت کے سرکاری ترجمان کی پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم اور ام المومنین حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے خلاف گستاخانہ اور فحش گالی ہر ایک مسلمان کے خلاف جنگ ہے۔ اور یہ ایک ایسا معاملہ ہے جو تمام مسلمانوں کو ایک قوم کے طور پر اٹھنے کا مطالبہ کرتا ہے۔  مفتی اعظم نے بھارتی مصنوعات سے بائیکاٹ کی اپیل بھی کی ہے۔

دوسری جانب ایران ،  کویت اور قطر میں وزارت خارجہ نے بھارت کے سفیروں کو طلب کر کے احتجاجی مراسلے تھمائے ہیں اور شدید احتجاج کیا ہے۔

مزیدخبریں