اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ کرائم منسٹرجان لیں قوم کا لوٹا گیا پیسہ واپس کئے بغیر نجات کی راہ ممکن نہیں، گرینڈ ڈائیلاگ کا شوشہ ناکامی اور پھیلائی گئی معاشی تباہی کا اعتراف ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ مکاری، طوطاچشمی کا انسانی نمونہ بنے کرائم منسٹر قوم کے سامنے کھڑے ہیں، بیرونی سازش سے مسلط ہونے کے بعد یہ شخص معیشت کا جنازہ نکال چکا، پیٹرول، گیس، بجلی مہنگی کر کے معیشت کے مضحکہ خیز دعوے کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات اور اشیائے خورو نوش کی قیمتوں میں اضافے سے لوگوں کی قوت خرید تباہ کرکے2ہزار روپے کے لالی پاپ کا اعلان شرمناک ہے، کرائم منسٹر گرینڈ ڈائیلاگ جیسا شوشہ چھوڑنے کی بجائے بغیر تیاری قوم پر مسلط ہونے کی معافی مانگتے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ انہیں کسی ڈائیلاگ کیلئے نہیں بلکہ بیرونی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے کٹھ پتلی بنا کر بٹھایا گیا ہے اور عوام کو کچلنا کرائم منسٹر کو سونپے جانے والے ایجنڈے کا حصہ ہے، قومی احتساب بیورو (نیب) اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو چوروں کے نگہبان بنانا مکروہ ایجنڈے کا اگلا حصہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج یہ امپورٹڈ بندوبست براہ راست ملکی وقومی سلامتی کیلئے خطرہ ہے، ناکام تجربے کی مزید سزا قوم کو دینے کی بجائے اصلاح کی فکر کی جائے، انتخاب پر ڈاکہ ڈالنا، اوورسیز پاکستانیوں کو سیاسی عمل سے دور رکھنا ان کا اصل ہدف ہے جبکہ مخالفین کیخلاف بدترین ریاستی گردی بھی ان کے ایجنڈے میں شامل ہے۔
کرائم منسٹر جان لیں! قوم کا لوٹا گیا پیسہ واپس کئے بغیر نجات کی راہ ممکن نہیں: فرخ حبیب
03:25 PM, 5 Jun, 2022