اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءعثمان ڈار نے کہا ہے کہ عمران خان ہماری ریڈ لائن ہے اور اگر اسے کراس کرنے کی کوشش کی گئی تو سارے حساب برابر ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق عثمان ڈار نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا ’رانا ثناءاللہ ایک بات کان کھول کر سن لو۔۔۔ عمران خان ہماری ریڈ لائن ہے! یہ ریڈ لائن کراس کرنے کی کوشش بھی ہوئی تو اگلے پچھلے سارے حساب برابر ہوں گے! عہدے کی طاقت اور ریاستی مشینری کے پیچھے چھپنے والے اجرتی قاتل کو 22 کروڑ عوام وہ سبق سکھائیں گے کہ خان کا نام لینا بھی بھول جائے گا۔‘
رانا ثنااللہ ایک بات کان کھول کر سن لو۔۔۔
— Usman Dar (@UdarOfficial) June 5, 2022
عمران خان ہماری ریڈ لائین ہے! یہ ریڈ لائین کراس کرنے کی کوشش بھی ہوئی تو اگلے پچھلے سارے حساب برابر ہوں گے! عہدے کی طاقت اور ریاستی مشینری کے پیچھے چھپنے والے اجرتی قاتل کو 22 کروڑ عوام وہ سبق سکھائیں گی کہ خان کا نام لینا بھی بھول جائیگا
واضح رہے کہ اس سے قبل رانا ثناءاللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عمران نیازی کو قانون کے مطابق سیکیورٹی دی گئی ہے مگر عدالتی ضمانت ختم ہونے یہی سیکیورٹی عمران نیازی کو گرفتار کر لے گی۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی اسلام آباد واپسی پر ردعمل دیتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ عمران نیازی کو اسلام آباد واپسی پر خوش آمدید کہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی فتنہ و فساد اور وفاق پر مسلح حملوں کے جرائم کے تحت درج 2 درجن سے زائد مقدمات میں بطور ملزم نامزد ہے اور عدالتی ضمانت ختم ہونے پر قانون کے مطابق فراہم کی گئی سیکیورٹی ہی انہیں گرفتار کر لے گی۔