کیلی فورنیا: ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس نے ناسا کے لیے انسانوں جیسے مدافعتی نظام رکھنے والے 73 ہزار خرد بینی جانور اور دیگر تحقیقاتی مواد کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن روانہ کردیا۔
اسپیس ایکس کے فالکن 9 راکٹ پر 7،300 پاؤنڈ سے زیادہ تحقیقی مواد، رسد اور ہارڈ ویئر پر مشتمل جدید کارگو مشن کو جمعرات کے روز فلوریڈا میں کینیڈی اسپیس سنٹر سے خلائی اسٹیشن پر روانہ کردیا گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ تحقیق سائنسدانوں کو انسانوں پر اسپیس لائٹ کے اثرات کو سمجھنے میں مدد فراہم کرے گی ،اس سے ماہرین خلا میں رہتے ہوئے خلابازوں کی زندگی کو بہتر بنانے کے لئے مطالعہ کریں گے، اور دریافت کیا جائے گا کہ خلا میں طویل مدتی قیام کس طرح انسانی صحت کو متاثر کرسکتا ہے۔
لانچنگ کے چند منٹ بعد ہی مشن فالکن 9 بوسٹر پر اترا۔ کارگو ڈریگن کیپسول متوقع طور پر ہفتہ کے روز بین الاقوامی اسٹیشن آئی ایس ایس پر اترے گا۔
پری لانچ سے قبل پریس کانفرنس کے دوران ڈریگن مشن مینجمنٹ کی اسپیس ایکس ڈائریکٹر سارہ واکر نے کہا کہ سی آر ایس-22 پانچواں ڈریگن کیپسول ہے جسے گذشتہ 12 ماہ کے دوران انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن بھیجا گیا ہے۔
کمپنی نے پچھلے سال میں متعدد عملے اور کارگو مشنز کا آغاز کیا تھا۔ سال 2021 میں سی ایس آر۔22 اسپیس ایکس کا خلا میں بھیجنے والا 17 واں مشن ہے۔ اس سال ایلون مسک کی کمپنی اپنی 17 ویں لانچنگ مکمل کررہی ہے۔