لاہور: سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی کی بیٹی آمنہ ہاشمی نے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے میرے بینک اکاؤنٹ میں سے 52 لاکھ سے زائد رقم نکلوا لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جاوید ہاشمی کی بیٹی نے ایف بی آر پر الزام عائد کیا ہے کہ کہ میرے اکاؤنٹ سے عدالتی حکم امتناعی کے باوجود پیسے نکلوائے گئے جبکہ میں نے عدالت عالیہ میں توہین عدالت کی درخواست بھی دے رکھی تھی۔
دوسری جانب چیف کمشنر عابد رضا بودلہ نے کہا کہ آمنہ ہاشمی کے بینک ٹرانزیکشن کروڑوں روپے میں تھی اور ان کے انکم ٹیکس گوشواروں اور بینک اکاؤنٹ میں واضح فرق تھا۔
چیف کمشنر ایف بی آر کا کہنا ہے کہ کئی ماہ سے تحقیقات کا عمل جاری تھا اور اس ضمن میں نوٹس بھی جاری کئے گئے لیکن کوئی جواب نہیں دیا گیا اور آمنہ ہاشمی کی جانب سے کوئی جواب نہ آنے پر ہی کارروائی کی گئی ہے۔