حکومت کو زبردستی مفت مشورہ دیتے رہتے ہیں: چوہدری پرویز الٰہی

09:28 PM, 5 Jun, 2021

لاہور: پنجاب کے قائم مقام گورنر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ حکومت والے کہتے ہیں کہ انہیں بار بار باددہانی نہ کروائی جائے وہ نئے آئے ہیں لیکن اس کے باوجود انہیں تجاویز دیتے رہتے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق لاہور میں عالمی یوم ماحولیات کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ مفت مشورہ نہیں دینا چاہئے، حکومت والے کہتے ہیں کہ انہیں بار بار یاد نہ دلائیں کہ وہ نئے آئے ہیں، اب وہ پرانے ہو گئے ہیں، پھر بھی ہم انہیں تجاویز دیتے رہتے ہیں، شہباز شریف کی عادت تھی کہ جب وہ حکومت میں آ تے تو ہمارے شروع کئے گئے منصوبے روک دیتے تھے۔ 
سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کا سونامی ٹری پروگرام ماحولیات کے حوالے سے بہت اہمیت رکھتا ہے، ماحولیات کے حوالے سے کچھ نہ کیا تو خمیازہ آنے والی نسلیں بھگتیں گی ، ہم حکومت کو ہر حوالے سے زبردستی مفت مشورہ دیدیتے ہیں۔ 
چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ ہم پنجاب کی ترقیاتی گروتھ 8 فیصد پر لے گئے تھے، ہم نے کام بہت کئے لیکن ڈھول نہیں بجایا، سابق حکومت نے تندور اور دانش سکول جیسی سکیموں پر پیسے ضائع کئے۔

مزیدخبریں