کمال آر خان نے بھارت ہمیشہ کیلئے چھوڑنے کا عندیہ دے دیا

05:48 PM, 5 Jun, 2021

ممبئی: سلو میاں کی فلم ’رادھے‘ پر منفی تجزیہ کرنے والے کمال آر خان نے بھارت کو چھوڑنے کا عندیہ دے دیا۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کمال آر خان نے کہا کہ مجھے بالی وڈ والے مسلسل ہراساں کر رہے ہیں، ایم ایف حسین کی طرح بھارت سے ہمیشہ کے لیے چلا جاؤں گا کیونکہ کسی مقدمے کا سامنا نہیں کرنا چاہتا۔

کے آر کے نے کہا کہ میں نے فلموں کے ریویو کرنا چھوڑ دیا تھا تاہم بالی وڈ والوں نے دوبارہ مجبور کیا، مجھے ریویو کرنے سے صرف عدالت کے ذریعے روکا جا سکتا ہے اور ایک بار بھارت سے چلا گیا تو پھر کوئی نہیں روک پائے گا۔

کمال آر خان نے کہا کہ بہتر ہے مجھے زیادہ پریشان نہ کیا جائے ورنہ میرے پاس بالی وڈ والوں سے متعلق بہت سی ویڈیوز اور تصاویر ہیں جنہیں وائرل کر کے سب کے راز فاش کر سکتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرے بھارت سے چلے جانے سے بالی وڈوالے پچھتائیں گے، پھر کسی کا لحاظ نہیں کروں گا۔

خیال رہے کہ فلم ’رادھے‘ کا منفی ریویو کرنے پر اداکار سلمان خان نے کمال آر خان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کر رکھاہے تب سے دونوں میں کشیدگی برقرار ہے۔

گلوکار میکا سنگھ بھی سلمان خان کی سپورٹ میں میدان میں ہیں۔ میکا سنگھ نے کمال آر خان کے خلاف گانا ریلیز کرنے کا اعلان کیا تھا جس کا عنوان ’کے آر کے کتا‘ ہے۔ اس کے بعد گلوکار اور فلمی ناقد کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔ میکا سنگھ نے کے آر کے کو ’گدھا ‘ اور ’چوہا‘ کہا جب کہ فلمی ناقد نے جواب میں میکا سنگھ کو ’احمق گلوکار‘ کہہ ڈالا۔

مزیدخبریں