کورونا میں کمی ،پیر سے تعلیمی ادارے کھل جائیں گے

کورونا میں کمی ،پیر سے تعلیمی ادارے کھل جائیں گے
کیپشن: کورونا میں کمی ،پیر سے تعلیمی ادارے کھل جائیں گے
سورس: file

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا کی کم شرح والے اضلاع میں تمام تعلیمی ادارے 7 جون سے کھولنے کا اعلان کردیا۔

این سی او سی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق خصوصی اجلاس  میں تعلیمی شعبہ دوبارہ کھولنے کا بھی جائزہ لیا گیا اور کورونا کی کم شرح والے اضلاع میں تمام تعلیمی ادارے 7 جون سے کھول دیے جائیں گے۔

دوسری طرف پاکستان انٹرنشینل ایئرلائن (پی آئی اے) کا خصوصی طیارہ سائنوفارم ویکسین کی 10 لاکھ خوراکیں لے کر چین سے پاکستان پہنچ گیا۔ پاکستان کو جون میں سائنوفارم، کین سائنو اور سائنوویک کی مجموعی طور پر ایک کروڑ 10 خوراکیں ملیں گی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کہا کہ ملک میں جاری بڑے پیمانے پر ویکسی نیشن مہم میں سہولیات بڑھانے کے ساتھ ساتھ ویکسین کی بلاتعطل سپلائی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔  این سی او سی نے وبا کا پھیلاؤ مزید روکنے کے لیے قوم پر ویکسی نیشن کرانے پر زور دیا۔

  

واضح رہے کہ 22 مئی کو وزارت تعلیم نے تیسری لہر کے تناظر میں کورونا کیسز میں 5 فیصد سے زیادہ اضافہ ہونے پر کراچی، اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، کوئٹہ، پشاور، سوات سمیت مختلف شہروں میں سرکاری اور نجی اسکول 6 جون تک بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ترجمان وفاقی وزارت تعلیم کا کہنا تھا کہ ملک کے ان اضلاع میں اسکولز 6 جون تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جہاں کورونا کے کیسز کی شرح 5 فیصد سے زیادہ ہے۔

تاہم دو روز قبل وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ جب تک حکومت کو یقین نہیں آجاتا ہے کہ کورونا وائرس کے کیسز میں کمی واقع ہو رہی ہے، اس وقت تک صوبے میں اسکول بند رہیں گے۔

اس سے قبل 19 مئی کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے 24 مئی سے ایسے اضلاع میں تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولنے کی اجازت دی تھی جہاں مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد سے کم تھی، پنجاب میں اسکول کے وزیر تعلیم مراد راس نے 7 جون سے صوبے اسکولوں کے دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا تھا۔ این سی او سی نے تعلیمی اداروں میں عملے کے لیے کووڈ-19 ویکسین کو بھی لازمی قرار دے دیا تھا۔