پاکستان کے بلیک لسٹ میں جانے کا کوئی خطرہ نہیں، حماد اظہر

12:18 AM, 5 Jun, 2021

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ جون کے آخرتک فیٹف کا ایکشن پلان مکمل کر لیں گے  اور پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو فیٹف کے 2 پلان پرعمل کررہا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیرحماد اظہرنے کہا ہے کہ 40 میں سے 31 نکات پرعمل درآمد کرلیا ہے۔ پاکستان نے فیٹف کے مشکل پلان کو مکمل کیا۔ انہوں نے کہا کہ 27 نکات میں سے 24 نکات مکمل کر چکے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو فیٹف کے 2 پلان پرعمل کررہا ہے۔

وفاقی وزیرحماد اظہر نے کہا کہ ایک40 اور دوسرا 27 نکاتی پلان ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیٹف نے بھی پاکستان کی تعریف کی ہے۔ دونوں ایکشن پلان مکمل ہونے کے قریب ہیں۔ انہوں ںے دعویٰ کیا کہ اب پاکستان کے بلیک لسٹ میں جانے کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔

خیال رہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) نے انسداد منی لانڈرنگ اور انسداد دہشت گرد فنانسنگ روکنے کیلئے  پاکستانی اقدامات اور عملدرآمد سے متعلق رپورٹ جاری کردی ہے۔

فیٹف ایشیاء پیسفک گروپ (اے پی جی) میوچوئل ایوالویشن رپورٹ جاری کی  گئی ہے جس میں پاکستان کی جانب سے شرائط پر عمل درآمد  سے متعلق واضح پیش رفت تسلیم کرلی گئی ہے۔

فیٹف ایشیاء پیسفک گروپ نے اعلامیے میں کہا ہے کہ پاکستان نے اے پی جی کی 40 میں سے 31 سفارشات پر عمل کیا ہے۔

دوسری جانب وزارت خزانہ نے کہا کہ سفارشات پر عملدرآمد پاکستان کی فیٹف معاملات پر سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔ پاکستان انسداد منی لانڈرنگ اور انسداد دہشت گرد فنانسنگ روکنے کیلئے عالمی معیار پر پورا اترا ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان نے 21 سفارشات پر نہایت قلیل وقت بے مثال اور غیر معمولی انداز میں عملدرآمد کیا۔ 2019ء میں اسی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے 10 نکات پر عملدرآمد کیا تھا۔

وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان نے سفارشات پر عملدرآمد کیلئے 14 وفاقی اور تین صوبائی قوانین میں ترامیم کیں۔ ان قوانین سے نہ صرف نظام مضبوط ہوا بلکہ استحکام بھی سامنے آیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان نے تکنیکی عملدرآمد رپورٹ اکتوبر 2020ء میں فیٹف کو جمع کرائی تھی۔ ایشیاء پیسفک گروپ نے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ پاکستان نے اے پی جی گروپ میں دوبارہ درجہ بندی کیلئے رپورٹ جمع کرائی ہے۔

مزیدخبریں