لاہور: کورونا وبا میں عوام پر مہنگائی کے وار نہ رک سکے۔ روٹی 10 روپے جبکہ نان کی قیمت 15 روپے کر دی گئی۔ متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے اجلاس کر کے ازخود قیمت بڑھانے کا اعلان کر دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ قیمت میں اضافہ قابل قبول نہیں اور انتظامیہ کارروائی کرے۔
متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے اجلاس کر کے از خود قیمتیں بڑھا دی ہیں۔ نان اور روٹی کی نئی قیمتوں کا اطلاق 10 جون سے کیا جائے گا۔ صدر متحدہ نان بائی ایسوسی ایشن آفتاب گل کا اس بارے اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گندم کی قیمت 14 سو روپے من سے بڑھ کر 1700 روپے، 20 کلوگرام آٹے کے تھیلے کی قیمت 805 روپے سے بڑھا کر 925 روپے کر دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فائن میدے کا تھیلا بھی 3900 روپے سے بڑھا کر 4500 روپے کر دیا گیا ہے۔ ان تمام قیمتوں کے اضافہ کے پیش نظر روٹی اور نان سستا فروخت نہیں کر سکتے۔
متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت آٹے اور میدے کی پرانی قیمتیں بحال کر دے تو ہم بھی روٹی اور نان کی قیمت برقرار رکھیں گے۔
ادھر روٹی اور نان کی قیمتوں میں اضافے پر شہریوں نے سر پکڑ لیے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ آٹا، چینی اور گھی کے بعد روٹی بھی مہنگی کر دی گئی حکومت کی رٹ صرف نام کی رہ گئی ہے۔ ڈی سی لاہور کا اس معاملے پر بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ نہیں کرنے دیں گے۔