اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گِل نے کہا ہے کہ وزیراعظم سٹیزن پورٹل کے مطابق شکایات حل نہ کرنے والے 10 اداروں میں سے 8 سندھ کے ہیں۔
تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز گل کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پورٹل پر تقریباً 22 لاکھ شکایات موصول ہوئیں، ساڑھے 7 ہزار شعبوں سے متعلق شکایات وزیراعظم پورٹل پر آتی ہیں اور 41 دن میں شکایت حل نہیں ہوتی تو پھر ان شکایات پر متعلقہ ذمہ داروں کو آگاہ کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے وعدہ کیا تھا کہ نچلے طبقے کی آواز سنی جائے گی، سندھ میں 28 ہزار میں سے 17 ہزار کے قریب شکایات سپر ایکسیلیریٹڈ ہیں جبکہ سیٹزن پورٹل کے مطابق ٹاپ 10 عدم اطمینان والے اداروں میں 8 سندھ کے ہیں۔
سندھ کی حکمران جماعت پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے دوران خود کو سوئٹزرلینڈ دکھانے والے غلط بیانی کے بجائے کارکردگی پر توجہ دیں، وزیراعظم نے جس شوگر کارٹل پر ہاتھ ڈالا یہ خود نہیں آپ نے بنایا تھا۔
شہباز گل نے شہباز شریف کو نشانہ بناتے ہوئے مزید کہا کہ کرامت مسیح بیچارہ نیب میں بیٹھا انتظار کر رہا ہے کہ آئیں اپنے پیسے لیں، آپ کا بھتیجا، بیٹا، داماد، بھائی کا سمدھی مفرور ہے، اس پر وکٹری نہ بنائیں شرمندہ ہوں، اگر کسی کا منہ لال ہے تو اپنا منہ تھپڑ مار کر لال نہ کریں۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ جو کچھ ہم نے پنجاب میں دیکھا آپ تو خواب میں بھی ایماندار نہیں ہوں گے، اگر کسی غریب کا ضمانتی مفرور ہو تو پولیس بھینس بھی پکڑ کر لے جاتی ہے، آپ سب جواب دیتے ہیں لیکن اپنی کرپشن کا جواب نہیں دیتے، عمران خان آپ سے یہ جواب لیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کے علاوہ کسی اور ملک کا شہری نہیں ہوں۔