سندھ اسمبلی کی خاتون رکن شاہانہ اشعر بھی کورونا وائرس کا شکار

05:53 PM, 5 Jun, 2020

کراچی: سندھ اسمبلی کی خاتون رکن شاہانہ اشعر کا کورنا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔ وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد وہ اجلاس سے چلی گئیں۔صوبائی رکن اسمبلی شاہانہ اشعر کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ سے ہے۔ ان میں کورونا وائرس کی تشخیص کا انکشاف اسمبلی اجلاس کے دوران ہوا۔

 سندھ اسمبلی اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی شبیر بجارانی نے انکشاف کیا کہ شاہانہ اشعر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔ اس انکشاف کے بعد خاتون رکن اجلاس چھوڑ کر چلی گئیں۔

شبیر بجارانی نے دوران اجلاس بتایا کہ متحدہ قومی مومنٹ کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی کنور نوید کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ ابھی تک نہیں آئی ہے۔ جن ارکان کی کورونا رپورٹس ابھی تک نہیں آئیں، انہیں اسمبلی اجلاس میں شرکت نہیں کرنا چاہیے۔

گزشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان اور رابطہ کمیٹی کے سینئر رکن فیصل سبزواری نے بتایا تھا کہ وہ اہلخانہ سمیت کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ ٹویٹر پر جاری پیغام میں بتایا تھا کہ میرے والدین، زوجہ اور دو بیٹیاں کورونا میں مبتلا ہوئے، جبکہ اب میرا بھی کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا ہے۔

فیصل سبزواری نے بتایا کہ اہلخانہ میں صرف منجھلی بیٹی اور ان کی دوسری اہلیہ مدیحہ کے کورونا ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس سے وزیر کچی آبادی سندھ مرتضیٰ بلوچ انتقال کر گئے۔ پی پی سینیٹر مولا بخش چانڈیو بھی مہلک وبا سے متاثر ہیں۔ جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی عبدالرشید، ایس ایس پی کورنگی فیصل عبداللہ کا ٹیسٹ بھی پازیٹو آیا۔

مزیدخبریں