جلد واپس آؤں گا، قیاس آرائیاں کرنیوالے فکر نہ کریں، جہانگیر ترین

05:18 PM, 5 Jun, 2020

لندن: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین کا کہنا ہے کہ قیاس آرائیاں کرنے والے بے فکر رہیں، طبی معائنے کے لئے برطانیہ آیا ہوں اور جلد واپس آؤں گا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں جہانگیر خان ترین نے اپنے دورہ برطانیہ پر وضاحت کرتے ہوئے لکھا کہ میڈیا میں میرے دورہ برطانیہ کے بارے میں قیاس آرائیاں جاری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قیاس آرئیاں کرنے والے بے فکر رہیں، پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے۔ مجھے سال میں 2 بار چیک اپ کے لئے برطانیہ آنا ہوتا ہے، ان شاء الله معمول کا چیک اپ مکمل کر کے جلد پاکستان لوٹوں گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اپنے ایک انٹرویو میں جہانگیر ترین نے کہا تھا کہ شوگر انکوائری کمیشن کو میرے خلاف کچھ نہیں ملا، کوئی فکر کی بات نہیں، انشاء اللہ سرخرو ہونگا۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ پوری انڈسٹری غلط اور انکوائری کمیشن ٹھیک ہو۔ معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے چینی کی پیداواری لاگت کا اپنا طریقہ نکالا ہے۔ کمیشن کو یہ چیک کرنا تھا کہ چینی کی قیمت کیوں بڑھی؟ لیکن اس پر کوئی بات نہیں کی گئی۔

مزیدخبریں