اسلام آباد: وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز کی پیشی کی سوشل میڈیا پر وائرل تصویر اگر اصلی ہے تو کیسے لیک ہوئی ؟ جے آئی ٹی نے عملے سے پوچھ گچھ شروع کر دی، اب تک کی تحقیقات کی رپوٹ تیار ، بدھ کو سپریم کورٹ میں پیش کی جائے گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پاناما مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے اجلاس میں حسین نواز کی تصویر کے معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ، ٹیم نے جوڈیشل اکیڈمی اور جے آئی ٹی سے منسلک افراد سے تفتیش کی۔جے آئی ٹی نے حسین نواز اورحسن نواز کی فراہم کردہ دستاویزات اور دیگر ریکارڈ کی روشنی میں ابتک کی تحقیقات کی رپورٹ مرتب کی جو بدھ کو سپریم کورٹ میں جمع کرائی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز کی جے آئی ٹی میں پیشی کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ایک ہلچل مچ گئی تھی، اس تصویر کے بارے میں ابھی تک معلوم نہیں ہو سکا کہ اس کو کس نے لیک کیا ہے، یہ تصویر 28 مئی کی ہے، جس میں وہ کرسی پر اکیلے بیٹھے نظر آرہے ہیں.
تجزیہ کار حیران ہیں کہ اتوار کے دن سی سی ٹی وی کیمرے کی مدد سے لی گئی تصویر سوشل میڈیا پر کیسے وائرل ہوگئی؟ پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے پیشی کے دوران حسین نواز کی لیک ہونے والی تصویر کا نوٹس لے لیا۔
پاناما کیس کی تحقیقات کیلئے بننے والی جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا نے حسین نواز کی جے آئی ٹی کے سامنے پیشی کا نوٹس لے لیا جس کے بعد معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی.