کمروں میں بہت اجلاس ہو گئے، اب عوام میں بیٹھیں گے: وزیراعظم

03:56 PM, 5 Jun, 2017

لاہور: لاہور میں این اے 119 میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کمروں میں بہت اجلاس کر لیے اب عوام میں بیٹھیں گے۔ مخالفین کا ایجنڈا کیا ہے معلوم نہیں، سازشیں ہوتی رہتی ہیں اور ہوتی ہی رہیں گی لیکن ہمارا سفر نہیں رکے گا۔ انہوں نے کہا دھرنے، ترقی روکنا، گالیاں نکالنا اور الزام لگانے والوں کو ووٹ دینے والے آج پچھتا رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے پنجاب اور لاہور کی شکل تبدیل کر دی ہے۔

اس سے پہلے ایوان وزیر اعلیٰ پنجاب میں وزیر اعظم نواز کی زیر صدارت میں اہم اجلاس ہوا جس میں وفاقی اور صوبائی وزراء بھی شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے شرکا نے وزیر اعظم کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ پاناما ہو یا سیاسی مخالفت پارٹی قیادت کے ہر حکم پر لبیک کہیں گے۔ اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا پروپیگنڈا کرنے والوں کو عوام نے پہلے بھی مسترد کیا اور 2018 میں بھی مسترد کریں گے۔

مریم نوا ز کا ٹویٹ

مسلم لیگ ن کی رہنما اور وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی جو کہ آجکل سوشل میڈٰیا پر کافی سرگرم نظر آتی ہیں۔ اپنے ٹویٹس میں وہ مخالفین پر بھی خوب تنقید کے نشتر برساتی ہیں۔تازہ ترین ٹویٹ میں وزیراعظم کی صاحبزادی نے کہا بے رحمانہ احتساب کے بعد ہم اپنے سینے پر تمغے سجائیں گے اور ناقدین اب عذاب الٰہی کے لیے تیار ہو جائیں۔

یاد رہے وزیراعظم نواز شریف کے بڑے صاحبزادے حسین نواز پاناما پیپر کیس کے سلسلے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں بنائی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے چوتھی مرتبہ پیش ہو چکے ہیں۔

وزیراعظم کے چھوٹے صاحبزادے حسن نواز بھی پاناما جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے تھے جہاں ان سے 7 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی تھی۔

واضح رہے پاناما کیس کی تفتیش کیلئے سپریم کورٹ کے خصوصی بینچ نے ایف آئی اے کے ایڈنشل ڈائریکٹر واجد ضیاء کی سربراہی میں جے آئی ٹی تشکیل دی تھی۔ جے آئی ٹی 2 ماہ میں سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما فیصلے میں اٹھائے گئے پندرہ سوالوں کے جواب تلاش کریں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں