ہوسٹن: دنیائے ریسلنگ میں کروڑوں شائقین کے دلوں پر راج کرنے والے انڈر ٹیکر سے متعلق خبریں گردش میں ہیں کہ وہ اب دوبارہ کبھی بھی رنگ میں نظر نہیں آسکیں گے ۔ ریسل مینیا 33کے میچ میں رومن رینز کے ہاتھوں شکست کے بعد انڈر ٹیکر اپنا کوٹ، دستانہ اور ہیٹ رنگ میں چھوڑ کر چلے گئے تھے جس کے بعد ان سے متعلق کہا جانے لگا کہ انہوں نے دنیائے ریسلنگ کو خیر باد کہہ دیا ہے تاہم ان کی طرف سے دنیائے ریسلنگ کو خیر باد کہنے کے حوالے سے باقاعدہ کوئی اعلان سامنے نہیں آیا۔
خبر یہ ہے کہ ان دنوں انڈر ٹیکر کی چند ایسی تصاویر سامنے آئی ہیں جن کے بعد تمام خدشات دور ہو گئے ہیں اور ان کے دوبارہ رنگ میں آنے کی تمام خبروں کی تردید ہو گئی ہے۔ ان تصاویر سے معلوم ہوتا ہے کہ انڈر ٹیکر اب دوبارہ کبھی بھی رنگ میں اپنے جوہر نہیں دکھا سکیں گے۔ انڈر ٹیکر ان دنوں کولہوں کی سرجری کے عمل سے گزر رہے ہیں اور بیساکھی کے سہارے چل پھر رہے ہیں۔ ان کی اپنی اہلیہ اور ہسپتال کے عملے کے ہمراہ تصاویر منظر عام پر آئی ہیں۔
کہا جارہا ہے کہ انہوں نے ریسل مینیا 33 میں رومن رینز سے مقابلے کے لیے اس سرجری کو التواءمیں ڈال دیا تھا تاہم اب وہ اس کے لیے کئی مراحل سے گزریں گے۔انڈر ٹیکر 27 سال تک ریسلنگ کی دنیا میں سرگرم رہے جبکہ ریسل مینیا کے پچیس سالہ ریکارڈ میں انہوں نے 23 بار فتوحات سمیٹیں تاہم بظاہر ان کے کیرئیر کا اختتام شکست کے ساتھ ہوا۔