کراچی: گرمی کی شدت کے پیش نظر رینجرز نے کراچی سمیت پورے سندھ میں ہیٹ اسٹروک سینٹرز قائم کر دیئے ۔ڈی جی رینجرز کی ہدایت پر اندرون سندھ تمام سیکٹرز اور ونگزز کی جانب سے سکھر، نواب شاہ، سردار گڑھ، میر پور ماتھیلو، گھوٹکی، سانگھڑ، شہداد پور، تھر کے دور افتاد گاوں، جام شورو، مٹھی، حیدرآباد کے گرد و نواح میں کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔ان کیمپوں میں رینجرز کے ڈاکٹرزکی ٹیم اور میڈیکل عملہ موجود ہے۔ کیمپوں میں فوری طبی امداد کے سامان کے ساتھ ساتھ ایئر کولر، ٹھنڈ پانی، ادویات، ایمبولینس، واٹر ٹینکس کی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک کے بیشتر حصوں میں موسم زیادہ تر گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جب کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں ہیٹ اسٹروک کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت بعض مقامات پر بارش کی امید ظاہر کی گئی ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ مردان، پشاور، کوہاٹ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا ڈویژن،اسلام آباد، فاٹا، اورکشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواﺅں/آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔
میٹ آفس کے مطابق حیدرآباد اور میر پور خاص ڈویژن میں تیز، گرد آلود ہوائیں اور آندھی چلنے کے آثار ہیں۔