لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف نے پارٹی کی تنظیم سازی کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کاکہنا ہےکہ میاں نواز شریف ناصرف پارٹی کی تنظیم سازی کریں گے بلکہ اہم تبدیلیاں بھی متوقع ہیں۔
نواز شریف نے پارٹی کی تنظیم سازی کا فیصلہ کرتے ہوئے ملک بھر میں دوروں کا شیڈول بھی سیٹ کیا ہے، اوراس کے لیے باقاعدہ اہم شخصیات کوٹاسک بھی دیے گئے ہیں
اس حوالے سے ذرائع کاکہنا ہےکہ وزیراعظم شہباز شریف کے مشیربرائے سیاسی امور اور پارٹی کے سینئر رہنما رانا ثنا اللہ، نوازشریف کے دوروں کا شیڈول تیار کریں گے اور اس کے لیے باقاعدہ تیاری شروع کردی گئی ہے۔
نوازشریف پہلےمرحلےمیں پنجاب کےمختلف اضلاع کےدورے کریں گے اور پارٹی کی ضلعی سطح پر تنظیم سازی کریں گے ، ذرائع کے مطابق متحرک اور اچھی ساکھ کی حامل شخصیات کو اہم ذمہ داریاں بھی سونپی جائیں گی تاکہ وہ اپنی خدمات بھرپور طریقے سے سرانجام دے سکیں۔
نواز شریف چاروں صوبوں کےدوروں کے ساتھ گلگت ، بلتستان اور آزاد کشمیرکے دورے بھی کریں گے۔ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں رانا ثنا اللہ نے پارٹی کے ضلعی صدور سے رابطے تیز کردیے ہیں، پارٹی کے ضلعی صدور نوازشریف کے دوروں کے حوالے سے تجاویز دیں گے۔
ملک بھر سے صوبائی قیادت کو جولائی کے دوسرے ہفتہ میں ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ بلایا جائے گا۔