لاہور : لاہور میں بارش کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ 9 گھنٹے مسلسل جاری رہنے والی بارش سے لاہور ڈوب گیا۔ گلی ، بازار چوک چوراہے تالاب کا منظر پیش کررہےہیں۔
لاہور سمیت پنجاب کےدیگر شہروں میں موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، لاہور کےنشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا، سڑکیں ندی نالے بن گئے ہیں، گلبرگ، مال روڈ،گلشن راوی ،لکشمی چوک کے اطراف کےعلاقے ڈوب گئے، کوٹ لکھپت،فیروز پورروڈ،جوہرٹاؤن ،ڈیفنس،ماڈل ٹاؤن میں بارشی پانی جمع ہے، لاہور میں موسلادھار بارش نے شاہراہیں بھی گم کردیں۔
نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ 9 گھنٹے مسلسل 272 ملی میٹر بارش ہوئی جس سے لاہور کی سڑکوں پانی کھڑا ہوگیا ہے۔ لاہور نہر کا پانی بھی سڑک پر آگیا ہے۔
ذرائع کےمطابق گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین،فیصل آباد ، سرائے عالمگیر میں طوفانی بارش ہوئی، جڑانوالہ ،پھالیہ، شیخوپورہ ، فیروزوالا میں موسلا دھار بارش برسی، بارش سے قصور، چھانگا مانگا میں بھی موسم خوشگوار ہو گیا ہے، ڈسکہ کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی، مرید کے اور جلالپور بھٹیاں میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہوئی۔