راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ عمران خان پارٹی الیکشن کے نام پر اوورسیز پاکستانیوں کے کروڑوں پر ہڑپ کرگئے۔
سینئر قانون دان حامد خان کی طرف سے جہانگیر ترین اور علیم خان پر الزامات پرترجمان استحکام پاکستان پارٹی فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ 2011ء میں پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن تاریخ کے سب سے زیادہ دھاندلی زدہ الیکشن تھے۔پی ٹی آئی چئیرمین کی سرپرستی میں یہ دھاندلی زدہ الیکشن کروائے گئے۔ اُس دھاندلی زدہ الیکشن کا مقصد مرکز سے لے کر یوسیز لیول تک اپنی مرضی کے عہدِداران بنانا تھا ۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی الیکشن کے نام پر اوور سیز پاکستانیوں سے کروڑوں روپے لیے گئے ۔ اوورسیز پاکستانیوں کا کروڑوں روپیہ پارٹی الیکشن کے نام پر کرپشن کی نذر کر دیا گیا ۔ پارٹی میں زبان زدِ عام تھا کہ الیکشن کا سافٹ وئیر صدر عارف علوی کے بیٹے کی کمپنی نے بنایا تھا ۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کے بدنام زمانہ اور دھاندلی زدہ الیکشن کے ذمہ دار پارٹی چیئرمین،عارف علوی، حامد خان اور رؤف حسن کا گینگ تھا ۔حامد خان جہانگیر ترین اور علیم خان پر تنقید کرکے اپنا سیاسی قد بڑھانے کی ناکام کوشش مت کریں۔