لاہور: محکمہ صحت پنجاب نے بغیر ماسک مویشی منڈیوں میں داخلے پر پابندی عائد کر تے ہوئے خریداروں کیلئے ماسک کا استعمال اور سینیٹائزر کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی کے بعد ماسک کے استعمال کی پابندی بھی سخت کر دی گئی ہے اور اب پنجاب بھر میں بغیر ماسک مویشی منڈی میں بھی انٹری نہیں ملے گی۔
سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان کا کہنا ہے کہ مویشی منڈیوں میں داخلے کیلئے ماسک پہننا لازم قرار دیا گیا ہے اور مویشی منڈیوں کی انتظامیہ بیوپاریوں اور خریداروں کیلئے ماسک کا استعمال اور سینیٹائزر کی فراہمی یقینی بنائیں۔
سیکرٹری صحت علی جان خان نے کہا کہ تمام شہری عوامی مقامات، دفاتر، پبلک ٹرانسپورٹ پر ماسک پہننے کے پابند ہوں گے، عوام الناس سے درخواست ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر سماجی فاصلے اور ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 12 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کی ویکسی نیشن یقینی بنائیں گے جبکہ ضلعی انتظامیہ اور قانون کرنے والے ادارے نوٹیفکیشن کا باقاعدہ اطلاق یقینی بنائیں گے۔