لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ کاشتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا چاہتے ہیں ۔
اپنے بیان میں حمزہ شہباز نے کہا کہ گندم کی امدادی قیمت کا اعلان بروقت کیا جائے گا ۔ کسانوں کو بلاسود قرضے دینے کا پروگرام بھی ترتیب دیا جا چکا ہے ۔ انہوں نے کاشتکاروں اور حکومتی حکام پر مشتمل مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کی ہدایت بھی کر دی ۔ ورکنگ گروپ مشاورت سے کاشتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے قابل عمل تجاویز مرتب کرے گا ۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی ٹویٹ میں کہا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا ماہانہ 100 یونٹس والے صارفین کو مفت بجلی فراہمی کا اعلان خوش آئند ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پہلے دن سے غریب ترین طبقے کو مشکل معاشی حالات کے اثر سے بچانا اولین ترجیح رہی ، معاشی حالات بہتر ہوتے ہی عوام کو مزید سہولتیں فراہم کریں گے ۔
گزشتہ روز حمزہ شہباز نے پنجاب میں 100 یونٹ تک بجلی مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ اپنی پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا تھا کہ آج عوام کیلئے ریلیف کا اعلان کرنے آیا ہوں ۔ پنجاب حکومت تقریباً 90 لاکھ ایسے خاندان جو 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرتے ہیں ان کو مفت بجلی فراہم کرے گی ۔