کراچی: بھارت کی ایک نجی ائیرلائن کے طیارے کوفنی خرابی کے باعث کراچی ائیرپورٹ پرہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تاہم واقعے میں کسی طرح کا نقصان نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کی نجی ائیرلائن (سپائس جیٹ) کے نئی دہلی سے دبئی جانے والے طیارے بوئنگ 737 کے کپتان نے فنی خرابی کے باعث کراچی ائیرپورٹ کے کنٹرول ٹاور سے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔
ذرائع کے مطابق کراچی ائیرپورٹ کنٹرول ٹاور کی جانب سے لینڈنگ کی اجازت ملنے پر کپتان نے طیارے کو بحفاظت اتار لیا جس میں 100 سے زائد مسافر سوار ہیں اور انہیں طیارے سے اترنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق سپائس جیٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی ائیرپورٹ پر ایمرجنسی ڈکلیئر نہیں کی گئی اور طیارے معمول کے مطابق لینڈنگ کرنے میں کامیاب رہا جبکہ خرابی سے متعلق بھی تاحال معلومات نہیں مل سکیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ طیارے میں سوار مسافروں کی کراچی ائیرپورٹ پر بہترین دیکھ بھال کی جا رہی ہے اور جلد ہی ایک متبادل طیارہ بھی کراچی ائیرپورٹ پہنچ جائے گا جو مذکورہ مسافروں کو لے کر دبئی روانہ ہو گا۔
واضح رہے کہ سپائس جیٹ ائیرلائن کو صرف ایک مہینے میں تیسری بار اپنے طیارے میں فنی خرابی کا سامنا کرنا پڑاہے، اس سے قبل نئی دہلی سے جبالپور جانے والے طیارے کے کیبن میں دھواں بھر جانے کے باعث اسے واپس نئی دہلی لانا پڑا تھا۔
اس سے قبل پٹنا سے نئی دہلی کی جانب سے اڑان بھرنے والے سپائس جیٹ کے جہاز میں اڑان بھرنے کے بعد آگ لگ گئی تھی جس کے باعث اسے واپس پٹنا لینڈ کرنا پڑا تھا۔