کراچی: کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جامعہ کراچی میں چینی باشندوں پر خود کش حملہ کیس کے ماسٹر مائنڈ اور سہولت کار کا 16 جولائی تک جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے منتظم جج نے کراچی یونیورسٹی میں چینی باشندوں پر خود کش حملہ کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت پولیس نے چینی باشندوں پر خودکش حملہ کیس میں گرفتار مبینہ سہولت کار اور ماسٹر مائنڈ ملزم داد بخش کو عدالت میں پیش کر دیا۔
پولیس نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ ملزم بی ایل اے اور بی ایل ایف کراچی کا کمانڈر ہے اور کراچی یونیورسٹی میں چینی اساتذہ پر خود کش حملے کا ماسٹر مائنڈ ہے۔ پولیس نے مزید بتایا کہ ملزم کراچی میں چینی باشندوں پر حملوں میں سہولت کاری کا کام کرتا تھا اور اسے گزشتہ روز سی ٹی ڈی نے گرفتار کیا۔
واضح رہے کہ رواں برس 26 اپریل کو خاتون خودکش بمبار نے جامعہ کراچی میں چینی اساتذہ کی وین کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا جس کے نتیجے میں 3 چینی اساتذہ سمیت 4 افراد ہلاک ہوئے تھے۔