ریاض: متحدہ عرب امارات کے بعد سعودی ماہر فلکیات نے عیدالاضحٰی 20 جولائی منگل کو ہونے کی پیش گوئی کر دی ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق سعودی ماہر فلکیات کا کہنا ہے کہ اس سال ذیقعدہ کا مہینہ 30 دن کا ہو گا اور سعودی عرب میں یکم ذی الحج اتوار 11 جولائی کو ہو گا اور حج کا رکن اعظم وقوف عرفات پیر 19 جولائی کو ہو گا۔
سابق استاد و ماہر فلکیات قصیم یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عبداللہ المسند نی بتایا کہ حتمی تاریخ کا اعلان سعودی عرب کی اعلیٰ عدالتی کونسل کی کمیٹی کرے گی۔
گزشتہ دنوں اماراتی اخبار خلیج ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ محکمہ اسلامی امور کا کہنا ہے کہ یوم عرفات ممکنہ طور پر 19 جولائی بروز پیر ہو گا جبکہ عید الاضحی 20 جولائی کو ہو گی جبکہ 20 جولائی کو عید ہونے پر اماراتی شہریوں کی 6 چھٹیاں ہوں گی ۔ 19 سے 22 جولائی تک عید کی چھٹیاں ہوں گی جبکہ 23 اور 24 جولائی کو ہفتہ وار چھٹی ہے۔
دوسری طرف پاکستان میں عید الاضحیٰ 21 جولائی بروز بدھ ہونے کا امکان ہے۔