اسلام آباد:اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب کو شرجیل میمن کی گرفتاری سے روک دیا ، سندھ روشن پروگرام کیس میں نیب طلبی سے قبل عدالت نے عبوری ضمانت منظور کر لی ۔
شرجیل میمن انعام کو سندھ روشن پروگرام میں کرپشن کے الزام میں نیب نے طلب کر رکھا تھا ،عدالت نے شرجیل میمن کی عبوری ضمانت اگست کے پہلے ہفتے تک منظور کر لی اورشرجیل میمن کو ریکارڈ سمیت نیب کی تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کی ہدایات جاری کردیں ،عدالت نے شرجیل میمن کو ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے اس سے قبل شرجیل میمن نے ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا، شرجیل میمن نے عدالت میں دائر درخواست میں استدعا کی کہ کیس کے فیصلے تک ضمانت دی جائے نیب نے شرجیل میمن کو کل ریکارڈ سمیت تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کر دی ۔
شرجیل میمن کو بطور وزیر بلدیات سندھ شامل تفتیش کیا گیا شرجیل میمن نے سندھ اسمبلی کے اجلاس کے باعث پیشی سے معذرت کی تھی شرجیل میمن پر منصوبے میں رشوت اور غیر قانونی رقوم لینے کا الزام ہے۔
شرجیل میمن کے خلاف دائر ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ انھوں نے وزرت اطلاعات و نشریات میں بطور وزیر محکمے کے افسران اور اشتہاری کمپنیوں کے گٹھ جوڑ سے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو اشتہارات کی مد میں رقوم جاری کر کے بد عنوانی کی۔ جولائی 2013 سے جون 2015 تک ٹی وی اور ایف ایم چینلوں پر عوام میں آگہی کے لیے مہم چلائی گئی جس کی مد میں قومی خزانے کو تین ارب 27 کروڑ کا نقصان پہنچایا گیا۔